سیالکوٹ :زیر تعمیرسکول کی شٹرنگ گرگئی ، طالبہ جاں بحق
وزیر تعلیم سکندر حیات کی بڈیانہ آ مد ، سی ای او ایجو کیشن او رپر نسپل گرفتار کنٹریکٹر اور انجینئر کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے :وزیر تعلیم ، لاش ورثا کے حوالے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پسرور میں زیر تعمیر کلاس روم کا شیڈ گرنے سے طالبہ کی موت کا نوٹس لے لیا ،صوبائی وزیر گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بڈیانہ پہنچے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر آیا ہوں ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں محکمہ ایجوکیشن کے افسر وں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ،گرفتار شدگان میں سی ای او ایجوکیشن اور پرنسپل شامل ہیں ،کنٹریکٹر اور انجینئر کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے ، انتظامیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ، سی ای او ایجوکیشن نے دو دن پہلے سکول کا دورہ کیا مگر حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے ، متاثرہ بچی کو ہسپتال ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچایا گیا، ریسکیو 1122 فوراً پہنچی فیملی نے پوسٹ مارٹم سے انکار کر دیا ہے ، اس موقع پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر حیات ملک، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار بھی موجود تھیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے صوبائی وزیر کو واقعہ پر بریفنگ دی۔ قبل ازیں آٹھویں کلاس کی طالبہ زینت سکنہ نتھوکلیر سکول سے چھٹی کے وقت بھاگتی ہوئی زیر تعمیر عمارت کی شٹرنگ کی ٹیک سے ٹکرائی جس سے شٹرنگ بچی کے اوپر گر گئی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی،ریسکیو نے لاش لواحقین کے حوالے کردی۔