ملک بھر کی 170وفاقی عدالتوں میں کیس فلو مینجمنٹ سسٹم فعال
جنوری 2023سے 2لاکھ 40ہزار مقدمات دائر، 1لاکھ 15ہزار نمٹائے گئے 14جیلوں میں ویڈیو لنک فراہم، عدالتی نظام میں شفافیت کی کو ششیں جاری:دستاویز
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) وزارتِ قانون و انصاف کی دستاویزات کے مطابق ملک بھر کی 170 وفاقی خصوصی عدالتوں اور ٹربیونلز میں کیس فلو مینجمنٹ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے تاکہ مقدمات کی بروقت سماعت اور فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے ۔ جنوری 2023 سے اب تک 2لاکھ 40ہزار 52مقدمات دائر ہوئے جبکہ 1 لاکھ 15 ہزار 108 کیسز نمٹائے گئے ، اس وقت 1لاکھ 24 ہزار 944مقدمات زیر التواء ہیں۔ 39فوجداری عدالتوں اور 14 جیلوں میں ویڈیو لنک سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو اور بینکنگ کورٹس میں سب سے زیادہ مقدمات دائر ہوئے ۔
دیگر عدالتوں میں بھی ہزاروں کیسز کے فیصلے سنائے گئے ۔ حکام کے مطابق نئے نظام سے شفافیت اور رفتار میں بہتری آئی ہے تاہم زیر التواء مقدمات بدستور چیلنج ہیں ، اعداد و شمار کے مطابق اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 12 ہزار 496 مقدمات دائر ہوئے ۔ بینکنگ کورٹس میں 79 ہزار 326 کیسز فائل ہوئے جن میں سے 48 ہزار 972 نمٹا د ئیے گئے ۔ انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالت میں 5 ہزار 299 کیسز دائر ہوئے ، جن میں سے 2 ہزار 462 کیسز نمٹائے گئے ، جبکہ ڈرگ کورٹس میں 2 ہزار 727 کیسز درج ہوئے اور 1 ہزار 700 کے فیصلے سنا د ئیے گئے ۔ دستاویزات کے مطابق کیس فلو مینجمنٹ سسٹم اور ویڈیو لنک سہولت کے ذریعے عدالتی نظام میں شفافیت اور رفتار بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے