عمران کی صحت پر سیاست کرتے تو رویہ کچھ اور ہوتا:آفریدی
ہم نے کال دی تو کوئی نہیں روک سکتا، وفاق ہمارا مقروض:وزیراعلیٰ پختونخوا ایک وزیراعلیٰ نے 11 ارب کا طیارہ خریدا، صحافیوں کو بولنا چاہیے :خطاب
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کرتے ،اس معاملہ پر سیاست کرتے تو رویہ کچھ اور ہوتا، قابض لوگوں نے اس معاملہ پر بے حسی کا مظاہرہ کیا، فرینڈ آف کورٹ نے بھی کہا کہ بانی کی آنکھ کا مسئلہ ہے ،بانی پی ٹی آئی کے صحت پر ہم نے پرامن دھرنا دیا۔ پشاور پریس کلب میں تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں صحافت مضبوط رہے ، ہم ہمیشہ صحافیوں کی مثبت تنقید کو ویلکم کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم نے کال دی تو ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، وفاق ہمارا مقروض ہے ، ہمیں ہمارا قرض نہیں دیتا، سب نے مل کر میرا ساتھ دینا ہے ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوانے کہا کہ متاثرین تیراہ کیلئے 4 ارب روپے مختص کئے تو میڈیا پیچھے پڑ گیا تھا، ایک وزیراعلیٰ نے 11 ارب روپے کا طیارہ خریدا، قوم کا پیسہ اس طرح ضائع ہوں تو صحافیوں کو بولنا چاہیے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پشاور پریس کلب کیلئے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔