ٹرمپ کی خوشنودی والی قومی پالیسی ناقابل قبول:حافظ نعیم
عمران سمیت تمام سیاسی قیدی رہا، علاج کی تمام سہولیات دی جائیں
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی خوشنودی کے حصول کی فضول خواہش پر فلسطین سے متعلق قومی پالیسی کی قربانی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم کی نام نہاد امن بورڈ اجلاس میں شرکت اور فوج کو غزہ بھیجنے کا فیصلہ قوم کے وقار کے منافی ہے ۔ حکمران غیر مقبول بھی ہیں اور نااہل بھی ہیں ۔ حکمران قوم کے وقار کا سودا نہ کریں ، غزہ بورڈ کا حصہ بننے سے انکار کیا جائے ، حکمرانوں نے یہ فیصلہ پارلیمنٹ میں مشاورت اور کابینہ کی منظوری کے بغیر کیا ہے ۔ملک کے حکمران تو کیا اپوزیشن بھی ٹرمپ سے خوفزدہ ہے ۔
افواج پاکستان کاحماس کو غیر مسلح نہ کرنے کے عمل کا حصہ بننے پر وزارت خارجہ کی وضاحت غیر منطقی ہے ، پاکستان کے حکمران ٹرمپ کو کیسے انکار کرسکتے ہیں؟۔ فارم 47 کی حکومت کے یکطرفہ فیصلوں، آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف اور موثر بلدیاتی نظام کے حق میں عید کے بعد بھرپور احتجاجی تحریک چلے گی،عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا ہونا چاہیے ، سابق وزیراعظم کو علاج کی تمام سہولیات دی جائیں۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی نے پنجاب میں غربت کی شرح میں اضافہ ، کسانوں کی حالت زار ، سکولوں کی فروخت اور گورننس کے بحران کے باوجود وزیراعلیٰ مریم نواز کے 11ارب کے پرتعیش طیارہ خریدنے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسائل کے باوجود حکمران خاندانوں کی عیاشیوں میں کوئی فرق نہیں پڑ رہا، پورے نظام سے ہی جان چھڑانا ہوگی۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔