مقبولیت کے باوجود ہم عمران کو رہا نہیں کروا پا رہے :علی امین
ہماری نیت ٹھیک نہیں یا آپس کے اختلاف ہیں یا پھر استعمال ہورہے ہیں ہمیں پریشر بڑھانا ہوگا جو باتوں سے نہیں بڑھتا:سابق وزیراعلیٰ پختونخوا
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مقبولیت کے باوجود ہم عمران خان کو جیل سے نہیں نکال پارہے ، ہماری نیت ٹھیک نہیں یا پھر آپس کے اختلاف ہیں اور یا پھر استعمال ہورہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر ہمارے اندرونی معاملات ٹھیک ہوتے تو عمران خان جیل میں نہ ہوتے، ملک میں قانون اورآئین نہ ہونے کے ساتھ ہماری غلطیاں بھی ہیں، مقبولیت اور سپورٹ کے باوجود ہم عمران خان کو جیل سے نکالنے میں بار بار ناکام ہورہے ہیں ، میں اپنی ذات کیلئے غصہ نہیں کررہا اپنے لیڈر کیلئے غصہ کررہا ہوں تو برداشت کرنا چاہیے ، ہمیں پریشر بڑھانا ہوگا جو باتوں سے نہیں بڑھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈائیلاگ اور روزانہ ٹک ٹاک بنانے سے پریشر نہیں بڑھے گا، کسی پر الزام نہیں لگا رہا لیکن کوئی وجہ تو ہے جس سے پریشر کم ہوا، ٹی وی پر باتوں اور ٹک ٹاک پر دھمکی دینے سے بات نہیں بنے گی۔علی امین نے کہا کہ ہمیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، ہماری غلطیاں تو ہیں، ہم عمران خان کو ڈاکٹر کی رسائی کا حق نہیں دلا پا رہے ، میرے پاس سرکاری اور پارٹی کا عہدہ نہیں ، ایک ورکر ہوں، احتجاج کی کال پر دو دفعہ سب سے بڑی ریلی لے کر آیا تھا،کوئی وجہ ہے تو ہمارا پریشر کم ہوا اور بانی کو مشکلات ہیں،پریشر بناؤ یہ کہنا گناہ ہے تو میں کرونگا ۔