برطانوی وزٹ ویزے کیلئے ای سسٹم متعارف کرانے کا اعلان
اسلام آباد (آن لائن)برٹش ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اب پاکستانی شہری برطانیہ کے وزٹ ویزے کے لیے نئے ای ویزا سسٹم کے تحت درخواست دے سکیں گے۔
جس سے پاسپورٹ پر برطانوی ویزا سٹیکر کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ترجمان ہائی کمیشن کے مطابق درخواست گزار آن لائن اپلائی کریں گے اور بائیومیٹرکس مکمل کرنے کے بعد ای میل کے ذریعے ڈیجیٹل ای ویزا موصول ہوگا۔ اس نظام کے تحت پاکستانی شہریوں کو اپنا پاسپورٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور بائیومیٹرکس کے بعد وہ پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے ۔نیا نظام امیگریشن سٹیٹس کا آن لائن ریکارڈ فراہم کرے گا، جسے شیئر کوڈ کے ذریعے بھی تصدیق کیا جا سکے گا۔ ہائی کمیشن نے واضح کیا کہ اس تبدیلی سے ویزا پراسیسنگ کے وقت، اہلیت کے معیار یا شرائط میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی سربراہ جین میریٹ کا کہنا ہے کہ یہ نیا نظام پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا عمل کو مزید آسان بنائے گا۔ انہوں نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ صرف سرکاری ویب سائٹ gov.uk کے ذریعے درخواست دیں اور کسی ویزا ایجنٹ سے رابطہ نہ کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال طلبہ اور ورک ویزا ہولڈرز کے لیے ای ویزا متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ موجودہ سٹیکر ویزے بدستور مو ثر رہیں گے ۔