نان بینک مالیاتی شعبے کے اثاثے 6.84 کھرب پرجاپہنچے
کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نان بینک فنانشل کمپنیز کے اعداد و شمار جاری کر دیے جنکے مطابق نان بینک مالیاتی شعبے کے مجموعی اثاثے 6.84 کھرب روپے تک پہنچ گئے ۔
کمیشن کے مطابق جون 2025ء میں یہ حجم 5.63 کھرب روپے تھا، یوں صرف چھ ماہ میں 21 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق میوچل فنڈز بدستور اس شعبے کا سب سے بڑا جز ہیں، جنکے اثاثے 4.5 کھرب روپے تک پہنچ گئے ۔میوچل فنڈز کی تعداد 369 سے بڑھ کر 409 ہو گئی جبکہ سرمایہ کار اکاؤنٹس کی تعداد 8لاکھ 45 ہزار تک جاپہنچی ۔جون 2025ء کے بعد نئے میوچل فنڈ اکاؤنٹس میں 8 فیصد اضافہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ سرمایہ کار روایتی بینکنگ کے بجائے مارکیٹ بیسڈ مصنوعات کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔سرمایہ کاری کے رجحان میں منی مارکیٹ فنڈز کا حصہ 44فیصد رہاجو کم رسک اور زیادہ لیکویڈیٹی کی ترجیح کو ظاہر کرتا ہے جبکہ انکم فنڈز میں 23 فیصد اور ایکویٹی فنڈز میں 14 فیصد سرمایہ کاری کی گئی۔