اٹلی کا پاکستان کیلئے ساڑھے دس ہزار ورک ویزوں کا اعلان

اٹلی کا پاکستان کیلئے ساڑھے دس ہزار ورک ویزوں کا اعلان

پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری وزیر داخلہ محسن نقوی کی اطالوی ہم منصب اوریونانی وزیر اسائلم سے ملاقاتیں

روم (اے پی پی، آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے اطالوی ہم منصب کے درمیان روم میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور  قانونی ہجرت کے فروغ پر اہم فیصلے کیے گئے ،ملاقات کے دوران اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے اعلان کیا کہ قانونی مائیگریشن کو بڑھانے کے لیے 10,500 ورک ویزے جاری کئے جائیں گے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کے دیرینہ مطالبے پر اٹلی نے پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا سے استثنیٰ دینے کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی۔محسن نقوی نے اٹلی کو غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے پاکستان کے سخت اقدامات اور ایئرپورٹس و سمندری حدود میں کڑی نگرانی سے آگاہ کیا ۔اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پاکستانی وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابل تحسین قرار دیا۔دریں اثنا محسن نقوی سے روم میں یونان کے وزیر برائے مائیگریشن و اسائلم کی اہم ملاقات بھی ہوئی، جس میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اس امر پر اتفاق ہوا کہ قانونی امیگریشن کی حوصلہ افزائی کے لیے ورک ویزا کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں