لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

 لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

بینرز، فلیکس، سٹیکرز ، دیگر پرنٹ مواد،دعوتوں،تقریبات،فائرنگ پر پابندی بغیر تصویر وزیٹنگ کارڈ استعمال ،واٹس ایپ مہم کی اجازت،ایس ایم ایس مہم بند

لاہور(کورٹ رپورٹر )چیئرمین الیکشن بورڈ نے 28فروری کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لئے ضابطہ ا خلاق جاری کردیا ، صدر کے عہدے سمیت 4نشستوں کے لیے18امیدوار مدمقابل ہیں جب کہ 32ہزار 488 رجسٹرڈ ووٹرز بائیو میٹرک سسٹم کے تحت حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں، چیئرمین الیکشن بورڈ لہراسب گوندل نے کہا ہے کہ ضا بطہ اخلاق کے تحت الیکشن مہم کے دوران بینرز، فلیکس، سٹیکرز اور دیگر پرنٹ مواد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، امیدوار صرف بغیر تصویر وزیٹنگ کارڈ انتخابی مہم میں استعمال کر سکیں گے ،احاطہ عدالت اور بار روم میں اشتہاری مواد لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضابطہ خلاق کی خلاف ورزی اور نتائج کے بعد فائرنگ کرنے و الا امیدوار نااہل ہو گا اوراس کیخلاف مقدمہ بھی درج ہوگا ،ڈپٹی چیئرمین الیکشن بورڈ حسیب اللہ خان نے کہاہے کہ ایس ایم ایس کے ذریعے انتخابی مہم چلانا ممنوع قرار دیا گیا ہے تاہم واٹس ایپ کے ذریعے مہم کی اجازت ہوگی۔ مدِ مقابل امیدوار کے خلاف بیان بازی یا پریس کانفرنس پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے ۔ انتخابی مہم کے دوران مذہبی، سیاسی یا سماجی تقریبات منعقد کرنے ، راؤنڈ لگانے ، دعوتوں اور ضیافتوں کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی ، سپورٹرز میٹنگ میں سنگل ڈش اور ایک میٹھے کی اجازت دی گئی ہے ، ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 سے 6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں 15 لاکھ روپے جرمانہ یا نااہلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، الیکشن میں صدر کی نشست پر احسن بھون گروپ کے راجہ عامر اور حامد خان گروپ کے بابر مرتضیٰ کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں