مدارس طلبہ کو فنی تربیت، 10ہزار ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ،ای ڈی نیوٹیک
نیوٹیک نے ساٹھ ہزار کی منظوری کے باوجود بہترانتظام سے 72 ہزار کو تربیت دی ذیلی کمیٹی نے مختلف اداروں کیخلاف کارروائیوں،بجٹ کی تفصیل طلب کرلی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کا اجلاس سینیٹر کامران مرتضیٰ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں نیوٹیک کی مجموعی کارکردگی اور جاری پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان نے گزشتہ پانچ برسوں کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مدارس کے طلبہ کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے جبکہ سالانہ دو ہزار طلبہ کو مدارس میں فنی تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے مطابق نیوٹیک کا نیا پروگرام صوبہ سندھ میں بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ 60 ہزار ٹریننگز کی منظوری دی گئی تھی تاہم بہتر انتظامی حکمت عملی کے باعث 72 ہزار بچوں کو تربیت فراہم کی گئی۔ کمیٹی کے ایک رکن نے اجازت سے زائد ٹریننگز کے انعقاد پر سوال اٹھاتے ہوئے وضاحت طلب کی۔عامر جان نے بتایا کہ وزیر اعظم کی جانب سے تین لاکھ ٹریننگز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ رواں سال ساڑھے تین لاکھ سے زائد بچوں نے تربیت کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیوٹیک کا براہِ راست کردار ملازمت فراہم کرنا نہیں بلکہ تربیت کی تکمیل اور تصدیق تک محدود ہے ۔ 2024 میں مکمل ہونے والی ٹریننگز کے نتیجے میں 53 فیصد امیدواروں نے ملازمت حاصل کی۔اجلاس میں کنوینر کمیٹی نے 2011 سے اب تک مختلف اداروں کے خلاف کی گئی کارروائیوں، نشستوں کی تقسیم اور بجٹ کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک نے بتایا کہ ادارے کا آٹھ ارب روپے مالیت کا منصوبہ 2027 تک جاری رہے گا۔