ای ٹیکسی سکیم کا آغاز، عوام کی خدمت کیلئے 5 سال کا وقت کم : مریم نواز

ای ٹیکسی سکیم کا آغاز، عوام کی خدمت کیلئے 5 سال کا وقت کم : مریم نواز

ہر تحصیل میں گرین بس سروس شروع کرنے اور ٹریک لیس ٹرین منصوبے کا جلد اجرا کرنے کا اعلان خواہش ہے تاریخ میں نام آئے تو لوگ عزت سے نام لیں :ای ٹیکسی افتتاحی تقریب سے خطاب

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملک کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کا آغاز کردیا،انہوں نے پنجاب کی ہر تحصیل میں گرین بس سروس شروع کرنے ، ٹریک لیس ٹرین منصوبے کے جلد اجرا کابھی اعلان کیا،وزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ عوام کی خدمت کیلئے 5سال کا وقت بہت کم لگتا ہے ،خدمت کے کام زیادہ ہیں، وقت کم ہے ۔مریم نواز نے ایک تقریب کے دوران ای ٹیکسی تقسیم کا افتتا ح کرتے ہوئے پانچ خوش نصیبوں نائلہ فرحان،کرن خورشید،قرۃ العین،عابد علی اورعظمت محمود میں ای ٹیکسی کی چابیاں تقسیم کیں۔وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ای ٹیکسی سکیم کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پہلے مرحلے میں ای ٹیکسی سکیم میں 1100 ای وہیکل دی جائیں گی،حکومت پنجاب ای ٹیکسی کی ڈاؤن پیمنٹ کا 50فیصد اورمارک اپ خود ادا کرے گی،ای ٹیکسی سکیم میں خواتین کے لئے 30 فیصد کوٹہ مخصوص ہے۔

وزیراعلٰی نے اپنے خطاب کے دوران پنجاب کی ہر تحصیل میں گرین بس سروس شروع کرنے اورپنجاب میں جلد ٹریک لیس ٹرین منصوبے کے اجرا کا اعلان کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ خواہش ہے کہ عوام کے کام آسکوں،تاریخ میں نام آئے تو لوگ عزت سے نام لیں۔ ٹیکسی ڈرائیونگ میں مرد وں کیساتھ واسطہ پڑنے سے خواتین ڈرتی ہیں۔میں کہتی ہوں کہ پنجاب کی خواتین دل سے خوف نکال دیں،پنجاب میں مریم نوازکی حکومت ہے ۔پنجاب میں بسنے والی ہر ماں،بہن،بیٹی کو اب تحفظ کا احساس ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین ڈرائیوروں کیلئے 60فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔مردڈرائیوروں کیلئے 50فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔

لوگوں کو ان کا حق دہلیز پر پہنچارہے ہیں تاکہ انہیں دربدر نہ ہونا پڑے ۔آج اعلان کرتی ہوں اگر کسی کو راشن کارڈ یا نگہبان نہیں ملا تو ہمیں بتائیں۔1000پر کال کر کے مدد کیلئے بتائیں 24گھنٹے میں مدد پہنچے گی،چاہتے ہیں رمضان میں کسی کو مانگنا نہ پڑے ،پنجاب میں کوئی گھر ایسا نہ ہو جہاں کوئی بھوکا سوئے ۔مریم نوا ز نے کہا کہ لوگوں کو ان کا حق پہنچانا میری مشن سٹیٹمنٹ ہے ۔آلو،پیاز کے نرخ کو صبح و شام چیک کرتی ہوں،کیلے اورسیب کی قیمتیں بھی کم کرائیں گے ۔وزیراعلیٰ کا کام دفتروں میں بیٹھنا نہیں،اگر سی ایم کام نہیں کرے گا تو کوئی وزیر،مشیر کام نہیں کرے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں