وزیراعظم کی مانسہرہ میں شہید لیفٹیننٹ کرنل گل فراز کے گھر آمد
اہلخانہ سے ملاقات ،قبرپرحاضری ،شہید کے نام پر دانش سکول کے قیام کا اعلان پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج کاباضابطہ آغاز، اجلاس میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ
اسلام آباد ،مانسہرہ (نامہ نگار ،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ پہنچ گئے ، وزیر اعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت لواحقین سے ملاقات کی اور شہید کیلئے دعا کی۔وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کی قبر پر حاضری بھی دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا اورہمت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی،شہید کے اہل خانہ کا حکومت اور پاک فوج مکمل خیال رکھیں گے۔ وزیرِ اعظم نے مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش سکول کے قیام کا اعلان کیا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں پیکیج کے باضابطہ آغاز اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رمضان ریلیف پیکیج 2026 کیلئے 38 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال کی امدادی رقم 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 ہزار روپے فی کس کر دی گئی ہے تاکہ مستحق افراد کو ماہِ رمضان میں مؤثر مالی سہارا فراہم کیا جا سکے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے سال کے کامیاب تجربے کی بنیاد پر اس سال بھی رقوم کی تقسیم شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے نقد مالی مدد براہِ راست مستحقین تک پہنچائی جا رہی ہے ،اس نظام سے لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے اور ان کی عزت نفس بھی محفوظ رہتی ہے۔