اسلام آباد پولیس بھرتی کیس کی جلد سماعت کیلئے درخواست منظور
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3رکنی لارجر بینچ کی رجسٹرار آفس کو نئی تاریخ دینے کی ہدایت کوٹہ سسٹم کے خلاف دائر درخواست پر ہائیکورٹ نے بھرتی پر حکم امتناع جاری کر رکھا
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے اسلام آباد پولیس بھرتی کیس کی جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو نئی تاریخ دینے کی ہدایت کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھرتیوں پر حکم امتناع جاری کر رکھا ہے ، اسلام آباد پولیس میں بی پی ایس 15 تک کوٹہ سسٹم کے خلاف درخواست دائر کی گئی اور موقف اختیار کیا گیا کہ تمام نشستیں اسلام آباد ڈومیسائل ہولڈرز کو دی جائیں۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل تین رکنی بینچ میں متفرق درخواست پر سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آبادایاز شوکت، اسلام آباد پولیس کے ڈائریکٹر لاء طاہر کاظم اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔