خیبر پختونخوا ،پنجاب میں دہشت گردی واقعات، متحدہ عرب امارات کا پاکستان سے اظہار یکجہتی
اسلام آباد (این این آئی)متحدہ عرب امارات نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں پولیس افسروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ان مجرمانہ کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہے ۔ وزارت خارجہ نے ان افسوسناک واقعات پر متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، ساتھ ہی زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا گیا۔امارات نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون اور یکجہتی جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔