کانفرنس کال پر سہیل آفریدی بھی تھے : بیرسٹر گوہر
ایم این ایز پر فخر، آفرز کے باوجود وہ ڈٹ کر کھڑے ،عمران کیلئے محبت آؤٹ کلاس
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی بہن ہیں،لیکن مجھے اپنے ایم این ایز پر فخر ہے ، انہیں عہدے، گاڑیوں اور کیسز معاف کرنے کی آفر کی جاتی ہے لیکن وہ ڈٹ کر کھڑے ہیں،ہم فیملی سے بھی درخواست کریں گے کہ آپ کی محبت اپنی جگہ لیکن ہماری عمران خان کیلئے محبت آؤٹ کلاس ہے ،بیرسٹر گوہر نے کہاکہ علیمہ خان جاننا چاہتی ہیں کہ میرے ساتھ کانفرنس کال پر اُن لوگوں کے علاوہ دوسرا بندہ کون تھا تو وہ سہیل آفریدی صاحب تھے ۔عمران خان کی فیملی کو ہر منٹ کی خبر دی گئی،کبھی اندھیرے میں نہیں رکھا گیا’محمود اچکزئی کا پی اے بھی لمحہ بہ لمحہ خبردیتا تھا۔ سمجھتا ہوں اگر ہم فیملی کو خبردار نہ کرتے تو ہمارے یہاں بیٹھنے کا فائدہ کیا تھا،کوئی ایسی چیز نہیں تھی جو میں نے اکیلے کی ،دل سے خان صاحب کے لیے کام کرتا رہوں گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا ہم نے دستک دی ہے آخر کار اس مرتبہ یہ یقینی بنایاجائے کہ انصاف ہو اور انصاف ہمارا حق ہے ،خان صاحب کے خلاف سارے کیسز سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں ،اس کیلئے کوئی سیاسی حل بھی ڈھونڈنا چاہیے ،مجھے ایک بات سے بڑی خوشی ہوئی کہ کل اچکزئی صاحب نے جو اعلان کیا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ رمضان صبر کا مہینہ ہے اور مذاکرات ہر فورم پر ہونے چاہئیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا ان کی درخواستوں پر بلاجواز نوعیت کے اعتراضات عائد کئے گئے تھے تاہم عدالت نے وہ اعتراضات دور کر دئیے ہیں ۔ سزا معطلی کی درخواست پر بھی جلد سماعت متوقع ہے ،کیسز میں مزید تاخیر قابل قبول نہیں ۔عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا زیر زبر، فلیگ یا ڈاٹ جیسے معاملات کو اتنی بڑی قانونی رکاوٹ کیوں بنایا جا رہا ہے ، پاور آف اٹارنی پر معمولی نوعیت کے تکنیکی اعتراضات عائد کیے جا رہے تھے جو عدالت نے دور کر دئیے ہیں۔