ژوب :سکیورٹی فورسز کا آپریشن، مزید10دہشتگردہلاک
سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود ،دھماکا خیز مواد برآمد:ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی ،اسلام آباد،سوراب (خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کیخلاف سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن کے دوران مزید 10دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ،آئی ایس پی آر کے مطابق 24 فروری کو ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران آٹھ بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کیا گیا، اس کامیاب کارروائی کے تسلسل میں 25 فروری کو سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب میں جامع سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فورسز نے مختلف مقامات اور گزرگاہوں پر دہشت گردوں کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید10دہشت گرد مارے گئے ، یوں دو دنوں میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد اٹھارہ ہو گئی۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی مزید بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا۔ دوسری طرف بلوچستان کے علاقے سوراب میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکے سے ایک اہلکارجاں بحق جبکہ آر سی ڈی روڈ پر پل تباہ ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے قومی شاہراہ پر واقع پل کے نیچے دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا جیسے ہی پولیس کی بکتر بند گاڑی وہاں سے گزری تو زور دار دھماکا ہوا،دھماکے میں پولیس اہلکار خلیل احمد شہید ہوگئے جو اس وقت گاڑی چلا رہے تھے ۔صدرِ آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔