مشترکہ اجلاس:زرداری نویں بار خطاب کرکے ریکارڈ قائم کرینگے
اسلام آباد (سہیل خان) مملکتِ خداداد پاکستان کے دس صدور مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس)سے آئینی تقاضا پورا کرتے ہوئے اب تک 36 مرتبہ خطاب کر چکے ہیں۔
موجودہ صدر آصف علی زرداری 2 مارچ 2026 کو نویں مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔23 مارچ 1985 کو ضیا الحق نے پہلی بار مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے 30 دسمبر 1985، 8 جولائی 1986، 19 اپریل 1987 اور 7 اپریل 1988 کو بھی خطاب کیا، یوں مجموعی طور پر پانچ مرتبہ ایوان سے خطاب کیا۔14 دسمبر 1988 کو غلام اسحاق خان نے پہلی بار خطاب کیا اور 2 دسمبر 1989، 8 نومبر 1990، 19 دسمبر 1991 اور 22 دسمبر 1992 کو مزید چار بار خطاب کیا، اس طرح انہوں نے بھی پانچ مرتبہ آئینی تقاضا پورا کیا۔27 اکتوبر 1993 کو وسیم سجاد نے بطور قائم مقام صدر ایک مرتبہ خطاب کیا۔ فاروق احمد خان لغاری نے 14 نومبر 1994، 29 اکتوبر 1995 اور 26 مارچ 1997 کو تین مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا جبکہ 1996 میں اجلاس نہیں بلایا گیا۔
رفیق احمد تارڑ نے 23 فروری 1998 اور 11 مارچ 1999 کو دو مرتبہ خطاب کیا۔ مارچ 1999 سے جنوری 2004 تک مشترکہ اجلاس منعقد نہیں ہوا۔ بعد ازاں 17 جنوری 2004 کو پرویز مشرف نے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا جس میں ان کے ‘‘مکا’’ دکھانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ آصف علی زرداری نے 20 ستمبر 2008، 28 مارچ 2009، 5 اپریل 2010، 22 مارچ 2011، 17 مارچ 2012 اور 10 جون 2013 کو بطور صدر چھ مرتبہ خطاب کیا۔ بعد ازاں 10 مارچ 2025 کو آٹھویں مرتبہ خطاب کیا اور اب 2 مارچ 2026 کو نویں مرتبہ خطاب کریں گے ۔ممنون حسین نے 2 جون 2014، 4 جون 2015، یکم جون 2016 اور 2017 کو چار مرتبہ خطاب کیا۔ عارف علوی نے 13 ستمبر 2018، 12 ستمبر 2019 اور 20 اگست 2020 کو تین مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔یوں 1985 سے اب تک دس صدور مجموعی طور پر 36 مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر چکے ہیں، جبکہ آصف علی زرداری آٹھ خطابات کے ساتھ سرفہرست ہیں اور آئندہ خطاب کے بعد یہ تعداد نو ہو جائے گی۔