فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور کے انضمام کی درخواست منظور
فوجی سیمنٹ، کوٹ ادو پاور مشترکہ طور پر اٹک سیمنٹ کا کنٹرول حاصل کرینگی
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور کے ذریعے اٹک سیمنٹ کے حصول کی منظوری دے دی۔ سی سی پی نے فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور کے مرجر کی درخواست منظور کر لی جس کے بعد فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور مشترکہ طور پر اٹک سیمنٹ کا کنٹرول حاصل کریں گی۔سی سی پی نے مسابقتی جائزہ مکمل کرنے کے بعدکمپی ٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت منظوری دی۔
اٹک سیمنٹ کا حصول سکیم آف کمپرو مائز اینڈ ارینجمنٹ 2026 کے تحت کیا جا رہا ہے ، معاہدے کی تکمیل کے بعد فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور اٹک سیمنٹ کی کنٹرولنگ شیئر ہولڈر بن جائیں گی۔ مرجر کے بعد بھی مشترکہ مارکیٹ شیئر غالب پوزیشن کی حد سے کم رہے گا۔ سیمنٹ سیکٹر میں دیگر مضبوط کمپنیوں کی موجودگی سے مسابقت برقرار رہے گی اور مرجر سے مارکیٹ میں مسابقت متا ٔثر نہیں ہوگی۔ یہ انضمام پاکستان کے سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے ۔