لاہور میں نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنانے کا فیصلہ

 لاہور میں نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنانے کا فیصلہ

1500کنال پر میڈیکل ڈسٹرکٹ کا ماسٹر پلان اور تھری ڈی ڈیزائن مکمل منصوبے کو لاہور رنگ روڈ سے منسلک کیا جائیگا، آغاز رواں سال میں متوقع

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں ایک اور بڑے منصوبے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا، نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال کے بعد لاہور میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنایا جائے گا۔1500 کنال سے زائد اراضی پر پہلے میڈیکل ڈسٹرکٹ کا ماسٹر پلان اور تھری ڈی ڈیزائن مکمل کر لیا گیا ،پہلے مرحلے میں انسٹیٹیوٹ آف اوپھتھالمولوجی 17 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا،منصوبے کا آغاز رواں مالی سال میں متوقع ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیا منصوبہ جدید شہری منصوبہ بندی اور مربوط طبی سہولیات کے تصور پر مبنی ہے ۔ماسٹر پلان کے تحت 22اعشاریہ 87 کنال رقبے پر ہیلی پیڈ تعمیر کیا جائے گا تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری فضائی رسائی ممکن ہو سکے جبکہ 32 اعشاریہ 38 کنال پر گیس سٹیشن قائم کرنے کی تجویز ہے۔

میڈیکل ڈسٹرکٹ کے اندر بائیو ڈائیورسٹی پارک بھی بنایا جائے گا جو مریضوں اور شہریوں کیلئے ماحول دوست گرین سپیس فراہم کرے گا۔تجارتی سرگرمیوں کیلئے مکسڈ یوز کمرشل ون کیلئے 28 اعشاریہ 89 کنال اور مکسڈ یوز کمرشل ٹو کیلئے 28 اعشاریہ 69 کنال رقبہ مختص کیا گیا ہے ۔ مختلف ہسپتالوں کو آپس میں منسلک کرنے کیلئے سِوک ایونیو تعمیر کیاجائیگا جبکہ 250 فٹ چوڑا سن سیٹ ایونیو منصوبے کا مرکزی روڈ کوریڈور ہوگا۔پیدل چلنے والوں کیلئے 53 اعشاریہ 99 کنال رقبہ کراس واکس کیلئے مختص کیا گیا ہے ، پیڈسٹرین برجز اور کنال وسٹا بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ منصوبے کو لاہور رنگ روڈ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ مریضوں اور وزیٹرز کیلئے براہ راست اور آسان رسائی یقینی بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں