آپریشن غضب للحق، 352 طالبان رجیم اہلکار ہلاک، 535 زخمی : 26 چوکیوں پر پاکستان کا قبضہ : عطا تارڑ

آپریشن غضب للحق، 352 طالبان رجیم اہلکار ہلاک، 535 زخمی : 26 چوکیوں پر پاکستان کا قبضہ : عطا تارڑ

41 مقامات کو فضائی کارروائی میں مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا،171ٹینک ،بکتربند گاڑیاں ، 130طالبان چوکیاں مکمل تباہ :وزیراطلاعات،آپریشن غضب للحق جاری :سکیورٹی ذرائع پاکستانی طیارہ گرانے کا پراپیگنڈا بے نقاب ،دکھائی گئی تصویر 2021میں ترکی میں روسی طیارے کے حادثے کی نکلی ،بے بنیاد دعویٰ بھارتی میڈیا اور افغان پراپیگنڈا ذرائع نے پھیلایا

اسلام آباد (خصوصی نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق میں 352 طالبان رجیم کے اہلکار و خوارج ہلاک اور 535 سے زائد زخمی کر دئیے گئے ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کو پہنچائے جانے والے نقصانات کی تازہ تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایاکہ طالبان رجیم کے تباہ کئے جانے والے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی تعداد 171 ہو گئی، 130 طالبان چوکیوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا جبکہ 26 چوکیاں پاکستان کے قبضے میں آ گئیں۔عطا تارڑ نے بتایا کہ افغانستان بھر میں 41 مقامات کو فضائی کارروائی میں مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کا افغان طالبان رجیم کے خلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے۔

قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں افغان طالبان کی اعلیٰ جرگہ تھانہ پوسٹ اور رحیم تھانہ پوسٹ تباہ کر دیں، نوشکی سیکٹر میں افغان طالبان کی پوسٹ اڑا دی گئی، کارروائی میں افغان طالبان کے اوماری کیمپ کو بھاری نقصان ہوا، افغان طالبان کی خیبر پوسٹ کو بھی مکمل تباہ کر دیا گیا۔پاکستان کی جانب سے کی گئی کارروائی میں افغان طالبان کے کانڈکسی بیس چترال کو شدید نقصان پہنچا، پاک فوج نے نیو افغان 8 پوسٹ تباہ کر دی، افغان طالبان کے فوجی آریانہ کمپلیکس، دبگئی چیک پوسٹ کو تباہ کر دیا جبکہ افغان پولیس ہیڈکوارٹر زاور ذاکر خیل پوسٹ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے افغان طالبان فورسز کو چیک پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کر دیا، پاک فوج نے زؤبا سیکٹر میں افغان گالف پوسٹ تباہ کر دی، ڈیلٹا پوسٹ بھی تباہ کر دی گئی، زؤبا سیکٹر ساؤتھ کمپلیکس کے قریب افغان طالبان کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔

پاکستان کی مسلح افواج کی فیصلہ کن کارروائی میں افغان طالبان کی متعدد اہم پوسٹس مکمل تباہ ہونے کے بعد افغان طالبان نے متعدد بار پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرایا۔دوسری طرف پاکستانی لڑاکا طیارے سے متعلق بھارتی اور افغان میڈیا کی جانب سے چلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کا پول کھل گیا۔ وزارتِ دفاع افغانستان کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ افغان فورسز نے ننگرہار میں پاکستانی لڑاکا طیارہ مار گرایا اور پائلٹ کو زندہ گرفتار کر لیا۔ تاہم وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے ان دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی پاکستانی طیارے کے نقصان یا پائلٹ کی گرفتاری کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق نہ پاکستانی حکام، نہ عالمی میڈیا اور نہ ہی کسی دفاعی ادارے نے ایسے کسی واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ افغان حکام کا بے بنیاد دعویٰ بھارتی میڈیا اور افغان پراپیگنڈا ذرائع نے بڑے پیمانے پر پھیلایا جو حقائق کے منافی ہے۔

وزارت اطلاعات ونشریات کے مطابق افغانستان کی جانب سے جاری کی گئی تصویر دراصل 2021 میں ترکی میں پیش آنے والے روسی طیارے کے حادثے کی ہے جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر استعمال کیا گیا۔ حکام نے اسے دانستہ گمراہ کن مہم قرار دیا ہے ۔دفاعی تجزیہ کاروں اور عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق نہ ہونے کے باعث بھارتی اور افغان ذرائع کے مضحکہ خیز دعوے محض فریب اور ہزیمت چھپانے کی ناکام کوشش ہیں ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کے پراپیگنڈے سے چلنے والی میڈیا مشینری پاکستان اور افغانستان کے بارے میں من گھڑت کہانیوں سے دنیا کو گمراہ کرنا بند کرے ، پاک فوج کے نقصانات اور طیاروں کے خیالی واقعات کے بارے میں جھوٹے دعوے پھیلانے سے زمینی حقائق نہیں بدلیں گے ۔انہوں نے ایکس پوسٹ میں کہاکہ پروپیگنڈاکرنے کی بجائے بھارت کو اپنے اعمال پر غور کرنا چاہئے ، پاکستان مضبوط، چوکس اور اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ پروپیگنڈاختم ہو جائے گا، حق غالب آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں