بے گھر کو چھت، علاج سہولتیں، طلبا کیلئے لیپ ٹاپ، امن و امان کے وعدے پورے : مریم نواز

بے گھر کو چھت، علاج سہولتیں، طلبا کیلئے لیپ ٹاپ، امن و امان کے وعدے پورے : مریم نواز

جدید ترین الیکٹر وبس،سب سے بڑے سالڈ ویسٹ پراجیکٹ ،وسائل کی کمی کے شکار بچوں کو پڑھانے کا وعدہ بھی پورا خدا کا شکر ہے پنجاب کی ہر بیٹی کو تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ پوراہوا ،ایک لاکھ 9ہزار سے زیادہ روز گار مل گئے :وزیراعلیٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر، دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خدا کا شکر ادااورعجزکرتے ہوئے کہاہے کہ بے گھر کو چھت دینے کا وعدہ پورا ہواہے، ڈیڑھ لاکھ کے قریب گھر بن رہے ہیں، علاج کی سہولت گھر کی دہلیز تک پہنچانے کا وعدہ پورا ہوا ، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل سے دو کروڑ مریض فیض یاب ہوئے ،طلبہ کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دینے کا وعدہ پورا ہوا،بچوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ دے دئیے ،پنجاب میں امن وامان بحال ہواہے ، سی سی ڈی اور پیف ڈک قائم ہواہے ، جرائم میں 70فیصد تک کمی ہوئی،پہلی دفعہ کچے کا علاقہ مکمل واگزار کروا لیاگیا۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہاکہ اللہ کا شکر ہے پنجاب کے ہر شہری کے لئے دنیا کی جدید ترین الیکٹر وبس کاوعدہ پورا ہوا ، پنجاب میں 1100الیکٹر وبسیں آگئیں، 1500مزید لائیں گے ، پنجاب کے دو بڑے شہرو ں میں میٹرولانے کے وعدے پر عملد درآمد  کاآغاز ہوگیا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میٹروبس پراجیکٹ شروع ہوگیا۔انہوں نے کہا خداکا شکر ہے پنجاب میں دنیا کے سب سے بڑے سالڈ ویسٹ پراجیکٹ کا آغازہو گیا،پہلی مرتبہ دیہات میں صفائی کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار ملا ۔وسائل کی کمی کے شکار بچوں کو پڑھانے کا وعدہ پوراہوا، لاکھوں بچوں کو ہونہار سکالر شپ مل گئے ،کسی بوڑھے مریض کو دوائی کے لئے لائن میں نہیں لگنا پڑتا۔

کینسر، کارڈیالوجی، ہیپا ٹائٹس اور ٹی بی کے مریضوں کو گھر بیٹھے دو ماہ کی میڈیسن مل رہی ہیں۔ دیہات کے ہسپتالوں کو یورپی کلینک میں بدلنے کا وعدہ پورا ہوا،3ہزار مراکز صحت ہیلتھ کلینک میں بدل گئے ،ہارٹ اٹیک کاعلاج متعلقہ ضلع میں ہونے کا وعدہ پورا ہوا،پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیب بن گئیں، انجیو گرافی اورانجیو پلاسٹی شرو ع ہوگئی۔پیدائشی دل کے مریض بچوں کی آپریشن کیلئے ویٹنگ لسٹ ختم کرنے کا وعدہ پورا ہوا ،10ہزار سے زائد بچوں کی ہارٹ سرجری ہوگئی۔خداکاشکر اداکرتی ہوں پنجاب کی ہر بیٹی کو تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ پورا ہوا،ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کردئیے گئے اورپینک بٹن لگا دئیے گئے ۔پنجاب میں روز گار اورکاروبار کا وعدہ پورا ہوا، آسان کاروبار کارڈ، فنانس سکیموں کے ذریعے نئے بزنس کھل گئے ،ایک لاکھ 9ہزار سے زیادہ افراد کوروز گار مل گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں