سی سی ڈی کارروائیوں کی تحقیقات کرائی جائیں:وقاص مان

سی سی ڈی کارروائیوں کی تحقیقات کرائی جائیں:وقاص مان

ایچ آر سی پی رپورٹ کے مطابق 670 مقابلوں میں 924ملزم ہلاک ہوئے عدلیہ کے اختیار میں مداخلت کی جا رہی:اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی کا سپیکر کو خط

لاہور(سیاسی نمائندہ)اپوزیشن کے رکن پنجاب اسمبلی وقاص محمود مان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ کر صوبے میں سی سی ڈی کی کارروائیوں پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایچ آر سی پی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی عدلیہ کے اختیار میں مداخلت کر رہی ہے جو جمہوری نظام اور ریاستی ڈھانچے کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران 670 پولیس مقابلوں میں 924 ملزم ہلاک ہوئے جو تشویشناک اعداد و شمار ہیں، انہوں نے نشاندہی کی کہ حراستی اموات کی تحقیقات کا اختیار فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو دیا گیا ہے مگر مبینہ طور پر شفاف تحقیقات نہیں کرائی گئیں جبکہ مجسٹریٹ کے ذریعے انکوائری لازمی ہے جو تمام واقعات میں نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ڈی کی کارروائیاں اقوام متحدہ کے بنیادی انسانی حقوق کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتیں ، گزشتہ اجلاس میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کو سنی سنائی قرار دے کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ۔ وقاص محمود مان نے مطالبہ کیا کہ تمام واقعات کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کر کے ایوان کو آگاہ کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں