لاہور سمیت ملک بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

لاہور سمیت ملک بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

کراچی، کوئٹہ ،اورکزئی اور دیگر علاقوں میں شرکا کے افغانستان کیخلاف نعرے ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،دشمنوں کو منہ کی کھاناہوگی :مقررین

لاہور، اسلام آباد،کوئٹہ، کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کیخلاف اور آپریشن غضب للحق کی حمایت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں ،شرکا نے افغان جارحیت کے خلاف بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے ۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں اقلیتی مشاورتی کونسل کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر ریلی نکالی گئی، شرکا نے افغان طالبان عبوری حکومت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ۔ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی خواتین ونگ کی صدر رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ کی قیادت میں پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی جس میں خواتین ، بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی ،شرکا نے بلوچستان اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کیا ۔

مقررین نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر کامیابی سے آپریشن جاری ہے ، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،دشمنوں کو منہ کی کھاناہوگی ۔ا دھر خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند کے سب سے بڑے تجارتی و عوامی مرکز میاں منڈی بازار میں ملک ریحان شاہ حجرہ سے کوز مسجد تک قومی پرچم اٹھائے مسلح ریلی نکالی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسروں ، قبائلی مشران اور علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ بدقسمتی سے امارت اسلامی افغانستان نے پاکستان کے احسانات کو بھلا کر ہمیشہ احسان فراموشی کا مظاہرہ کیا ،ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اورکزئی میں بھی اہل علاقہ نے ریلی نکالی جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔لوئر دیر کے منڈا بازار میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثمرباغ کی زیر قیادت ریلی میں سرکاری حکام، سیاسی قائدین، تجارتی یونین کے نمائندوں اور عوام نے شرکت کی۔ شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور افغان جارحیت کی مذمت کی۔

دریں اثناء کراچی میں سماجی رہنما اور ایم اے بی ٹرانسپورٹ کمپنی کے چیئرمین ملک آصف کی زیر قیادت بلوچ کالونی پل سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ،شرکا نے افواجِ پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے ملکی سلامتی اور خودمختاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل شہر میں بھی ریلی نکالی گئی ۔تھرپارکر کے شہر مٹھی میں ضلع انتظامیہ ، تاجر برادری، شہریوں، طلبہ ، سول سوسائٹی اور ہندو برادری نے پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکال کر پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ سکھر میں تعلقہ ایجوکیشن آفیسرز سکھر سٹی کی جانب سے ریلی نکالی گئی ،شرکا نے سکھر پریس کلب کے سامنے افواج پاکستان کی حمایت میں نعرے لگائے ۔ ضلع بدین کی تحصیل ٹنڈوباگوکی یونین کونسل پنگریو اور ملحقہ علاقوں میں واقع سرکاری و نجی تعلیمی اداروں نے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں