فروری کا ٹیکس ہدف بھی پورا نہ ہوسکا، 8 ماہ 457 ارب کا شارٹ فال

فروری کا ٹیکس ہدف بھی پورا نہ ہوسکا، 8 ماہ 457 ارب کا شارٹ فال

فروری میں ٹیکس ہدف 1029ارب روپے تھا ، وصولی 944ارب روپے ہو سکی ،سُپر ٹیکس کے باوجود کمی رہی جولائی سے فروری کے دوران ایف بی آر نے 8550ارب ٹیکس محصولات جمع کیے ،مطلوبہ ہدف حاصل نہ ہو سکا

اسلام آباد (مدثر علی رانا) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں مالی سال جولائی سے فروری کے دوران 457 ارب روپے ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے ۔ فروری 2026 کے لیے مقررہ ماہانہ ٹیکس ہدف 1029 ارب روپے تھا تاہم ایف بی آر نے صرف 944 ارب روپے وصول کیے۔ سُپر ٹیکس کی مد میں 44 ارب روپے سے زائد وصولی کے باوجود ماہانہ ہدف حاصل نہیں ہو سکا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران ایف بی آر نے مجموعی طور پر 8550 ارب روپے ٹیکس محصولات جمع کیے جبکہ ٹیکس ریفنڈز کی مد میں 386 ارب روپے ادا کیے گئے۔

فروری میں انکم ٹیکس کا ہدف 460 ارب روپے تھا، نیٹ وصولی 443 ارب روپے رہی۔ سیلز ٹیکس میں ہدف 383 ارب روپے کے مقابلے میں 336 ارب روپے وصول ہوئے ۔ کسٹمز ڈیوٹی میں ہدف 118 ارب روپے جبکہ وصولی 100 ارب روپے ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں ہدف 69 ارب روپے جبکہ وصولی 67 ارب روپے رہی۔ ایف بی آر نے آئی ایم ایف کے معاہدے کے تحت مارچ 2026 تک مجموعی طور پر 9917 ارب روپے ٹیکس محصولات جمع کرنے ہیں۔ جولائی سے فروری میں 8550 ارب روپے وصول ہونے کے بعد باقی مدت میں تقریباً 1350 ارب روپے مزید جمع کرنے ہوں گے ۔ پارلیمنٹ نے سالانہ ٹیکس ہدف 14131 ارب روپے سے کم کر کے 13979 ارب روپے کیا تاہم اس کی باضابطہ منظوری تاحال نہیں دی گئی۔ ایف بی آر حکام پُرامید تھے کہ فروری کا مقررہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔

ذرائع کیمطابق اس مقصد کیلئے ایڈوانس ٹیکسز بھی حاصل کیے گئے ، فیڈرل آئینی عدالت کی جانب سے سپر ٹیکس کے حق میں فیصلے کے باوجود ایف بی آر کو ماہانہ ٹیکس ہدف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ، ایف بی آر نے اس فیصلے کی بنیاد پر 3 سو ارب روپے کی وصولی کی توقع ظاہر کی تاہم ذرائع کیمطابق جنوری سے مارچ کے دوران سپر ٹیکس کی مد میں 200 ارب روپے کی وصولی متوقع ہے اور ابھی تک 175 ارب روپے سے زائد سُپر ٹیکس آمدن ہو چکی ہے ۔ رواں مالی سال ایف بی آر کی ریونیو گروتھ تقریباً 12 فیصد تک ریکارڈ ہوئی تھی جو فروری کے دوران کم ہو کر مجموعی ریونیو گروتھ 11 فیصد تک ریکارڈ ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں