کریک ڈاؤن ،راولپنڈی ،نوشہرہ سے 204افغان مہاجرین گرفتار
افغان باشندے ہولڈنگ سنٹروں میں منتقل،تلہ گنگ میں بھی سرچ آپریشنز،1زیرحراست مہاجرین سے کیمپس خالی کروالیے ،پناہ دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی،ڈی سی نوشہرہ
راولپنڈی،نوشہرہ (خبر نگار، نمائندہ دنیا) پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے گرینڈ کومبنگ آپریشنزکے دوران راولپنڈی ،نوشہرہ اورتلہ گنگ سے 204افغان مہاجرین کو گرفتار کرلیا،راولپنڈی سے 95 غیر قانونی مقیم افغان باشندے گرفتار کر لئے گئے ۔آپریشن راولپنڈی ،مری، اٹک، جہلم اور چکوال کے علاقوں میں کیا گیا ۔پولیس رینجرز ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس داروں کا مکمل فریم ورک فعال کر دیا گیا ،راولپنڈی کے علاقوں ڈھوک بابو عرفان ڈبل روڈ پنڈورا ، فیض آباد کے علاقوں سے 40 افغان باشندے گرفتار ہوئے ۔مری کوٹلی ستیاں لوئر دیوال کے علاقے سے تین افراد گرفتار کئے گئے ،جہلم اور سوہاوہ کے علاقوں سے 20 افغان باشندے گرفتار، دو خواتین، سات بچے بھی شامل ہیں،چکوال کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 35 افغان باشندے گرفتار ہوئے ۔نوشہرہ کینٹ سمیت پورے ضلع میں افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران تجارتی مراکز سے 108 افغان مہاجرین کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نوشہرہ نے تمام گرفتار افغان مہاجرین کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمارنڈ پر سینٹرجیل مردان منتقل کردیا۔ڈپٹی کمشنر عرفان اللہ محسود نے نمائندہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین کے چاروں کیمپس مکمل طور پر خالی کروالیے گئے ہیں،افغان مہاجر ین کو پنا دینے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی چار ہ جوئی کی جائے گی۔ تلہ گنگ سے نمائندہ دنیا کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کی زیرِ نگرانی رات گئے تھانہ سٹی تلہ گنگ اور صدر تلہ گنگ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران 30 گھرانوں کے 90 افراد کو چیک کیا گیا، غیر قانونی طور پر مقیم 1 افغان شہری کو حراست میں لے کر افغان ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے ۔