خیبر پختونخوا:52ارب کے 32ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
کرک، ہری پور، چارسدہ، ہنگو، بٹگرام، بنوں میں 6ماڈل سکولوں کی ریوائز سکیم منظور وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ورکنگ پارٹی اجلاس،پشاور رنگ روڈ انڈر پاس کی بھی منظوری
پشاور (اے پی پی)محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات خیبر پختونخوا میں صوبائی ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے تیرہویں اور چودھویں اجلاس میں 52ارب سے زائد کے 32ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی کی خصوصی ہدایات پر تعلیم کے شعبے میں اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی ،مانسہرہ شہر میں ایک ڈگری کالج قائم کیا جائے گا ،صوابی کے یارہ خیل مرغوز میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے پرائمری سکولز کی منظوری دی گئی ،کرک، ہری پور، چارسدہ، ہنگو، بٹگرام، بنوں میں 6 ماڈل سکولوں کے قیام کی ریوائز سکیم کی منظوری دی گئی اور ہدایت کی گئی کہ اسے جلد سے جلد فعال بنایا جائے ۔ پشاور رنگ روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کی منظوری دی گئی ہے ۔ اجلاس میں روڈ سیکٹر کی 18 سکیموں کی منظوری دی گئی جس کی کل لاگت 17 ارب روپے ہے جس میں 8 فزیبلٹی سٹڈیز شامل ہیں۔ لکی سے ہکلہ تک 26.6 کلومیٹر روڈ پراجیکٹ ایک اہم منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی۔