آئندہ مالی سال 8بڑے ہسپتالوں کی تعمیرکامنصوبہ تیار

آئندہ مالی سال 8بڑے ہسپتالوں کی تعمیرکامنصوبہ تیار

73ارب کی لاگت ،پی سی ون منظوری کیلئے وزارت منصوبہ بندی کو ارسال ہسپتال تھرپارکر، لورالائی، پنجگور، چترال، کرم، بھمبر، گلگت بلتستان میں بنیں گے

  اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت قومی صحت نے آئندہ مالی سال 2026-27کے ترقیاتی پروگرام کے لئے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 73ارب 85کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے 8بڑے ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے تیار کر لیے ۔وزارت قومی صحت نے ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے پی سی ون منظوری کی خاطر منصوبے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کو بھجوا دئے ہیں ، منظوری کے بعد ان منصوبوں کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔وزارت کے تیار کردہ پی سی ون کے مطابق سندھ کے ضلع تھرپارکر میں 13 ارب 1 کروڑ 60 لاکھ کی لاگت سے 200 بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا، جس میں ڈاکٹروں کے لیے رہائشی اپارٹمنٹس اور تمام جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔بلوچستان کے ضلع لورالائی میں 9 ارب 49 کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جہاں کارڈیالوجی، آنکولوجی اور ماں و بچے کی صحت کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی،ضلع پنجگور میں 8 ارب 5 کروڑ روپے کی لاگت سے 500 بستروں پر مشتمل کثیر المنزلہ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا، خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں جدید ہسپتال کی فزیبلٹی اور تعمیر کے لیے 9 ارب 13 کروڑ 60 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، جبکہ ضلع چترال میں 9 ارب 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں 9 ارب 4 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے ٹر یر ی کیئر ہسپتال قائم کرنے کی تجویز ہے ، پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں 7 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے خصوصی کینسر ہسپتال قائم کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں