دہشتگردی ختم کرنے کیلئے سب کو متحرک ہونا پڑیگا : مریم نواز ، تمام موٹر سائیکلوں، گاڑیوں پر ای ٹیگ لگانے کی منظوری
مائیکرو سکیورٹی پلان طلب ،کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کا حکم،یوم علی ؓ پرمشاورت سے ایس اوپیز تشکیل دینے پراتفاق وزیراعظم شہبازشریف درست سمت میں فیصلے کر رہے ،ریاستی مفاد حکومت کی ترجیح ،بلوچ ثقافت بہت دلکش :وزیراعلیٰ
لاہور(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو یکسو اور متحرک ہونا پڑے گا،آرام سے نہیں بیٹھ سکتے سب کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس گزشتہ روز ہوا ،جس میں سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں بائیکس سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لگانے اورپنجاب سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ بنانے کی منظوری دی گئی ،سائبرکرائم کا شکار خواتین اوربچیوں کیلئے خصوصی سیل قائم ہوگا جبکہ وزیراعلیٰ نے 7 روز میں مائیکرو سکیورٹی کاپلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری بھی دیدی، اضلاع میں ڈسٹرکٹ آن لائن کرائم سنٹر قائم ہوں گے۔
مریم نواز نے غیر روایتی صوبائی داخلی پوائنٹس سے آمدورفت پر پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی، صوبائی داخلی راستوں پر سرچ لائٹ لگانے اور ڈرون سرویلنس کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے چیک پوسٹوں پر روف ٹاپ سکیورٹی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی اورجدید ترین ڈرون ڈیفنس خریدنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور ڈرون پر پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کی نشاندہی کیلئے کومبنگ آپریشن مسلسل جاری رکھنے کا حکم دیا اورہجوم سے نمٹنے کیلئے قائم آر ایم پی کی ٹریننگ اور جدید ترین سکیورٹی آلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یوم حضرت علیؓ پرعلماء کرام سے مشاورت کے بعد سکیورٹی ایس او پیز تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے امن و امان کی بحالی کیلئے متحرک علما کرام کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹ سے خود کش حملہ آور کاپنجاب میں داخل ہونا تشویشناک ہے ، جنگ(وار فیئر)کے طور طریقے بدل چکے ہیں، ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا۔ علماء کرام امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تعاون جاری رکھیں۔ مریم نواز نے بلوچ ثقافت کے دن پر کہا ہے کہ ہر ثقافتی یوم خوبصورت روایت اور اپنی اقدار سے جڑے رہنے کا عہد ہے ، پاکستان کے ہر صوبے کی ثقافت قابل احترام اور ملک کی پہچان ہے ۔ پھول الگ سہی لیکن گلدستہ ایک ہے ، بلوچ ثقافت بہت دلکش ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان کیلئے جو کر رہے ہیں، اچھا کر رہے ہیں۔ ایسے وقت میں ملک کی بقا سب سے اہم ہوتی ہے اور وزیراعظم درست سمت میں فیصلے کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور ذمہ دارانہ قیادت کی ضرورت ہے ، اور حکومت ریاستی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے سنجیدہ اور مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔