مہنگائی میں 0.3 فیصد اضافہ، فروری میں شرح 7 فیصد تک پہنچ گئی
پھل 11.48،مشروبات 1.65،گوشت 1.45، کپڑے اورجوتے 5.72، بجلی ٹیرف میں 10فیصد اضافہ ہوا سالانہ بنیاد پر صحت سہولیات 6.24اور تعلیم 8.78فیصدتک مہنگی،دیہی علاقوں میں مہنگائی تیزی سے بڑھی:ادارہ شماریات
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 0.3فیصد اضافہ ریکارڈ ،فروری میں مہنگائی 7فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ دیہی علاقوں میں مہنگائی زیادہ تیزی سے بڑھی، دیہی علاقوں میں 7.3 فیصد اور شہروں میں مہنگائی 6.8 فیصد ریکارڈ کی گئی،جولائی تا فروری مہنگائی کی اوسط شرح 5.46 فیصد رہی۔ رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیاد پر ٹماٹر 23 فیصد، پھل 11.48 فیصدتک،دال ماش 8.19 فیصد، مشروبات 1.65 فیصد،گوشت 1.45 فیصد، بجلی ٹیرف میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، دال مونگ، خشک میوے، گندم کی مصنوعات بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ لانڈری اور ٹیلر فیس 2 فیصد، کوئلہ 1.71 فیصد تک مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ انڈے 22 فیصد،چکن 20 فیصد، آلو 16 فیصد،دال مسور 4 فیصد،پیاز 3.90 فیصد،سبزیاں 3.88 فیصد تک سستی ہوئیں۔ بیسن،گھی، کوکنگ آئل،گڑ،چینی کی قیمت میں بھی معمولی کمی آئی۔ سالانہ بنیاد پر غذائی اشیا 4.58 فیصد تک مہنگی ہوئیں،جلد خراب ہونے والی کھانے پینے کی اشیاء 0.42 فیصد تک سستی ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق کپڑے اور جوتے 5.72 فیصد،ہاؤسنگ، پانی، بجلی،گیس،فیول 10 فیصد، الکوحل مشروبات،تمباکو بھی 3.53 فیصد مہنگا ہوا۔ سالانہ بنیاد پر صحت سہولیات 6.24 فیصد،تعلیم 8.78 فیصدتک مہنگی ہوئی، ریسٹورنٹ، ہوٹل چارجز 4.37 فیصد، ٹرانسپورٹ کرایہ 0.27 فیصدبڑھا،تفریحی و ثقافتی سہولیات میں 4.50 فیصد تک کمی کا دعویٰ کیا گیا۔ جنوری 2026 میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد تھی، فروری 2025 میں مہنگائی 1.5 فیصد کی سطح پر تھی۔