مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں

مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں

قلعہ عبداللہ،حویلیاں، عارفوالا ، جامشورو میں شرکا کے فلک شگاف نعرے بہادر افواج ملکی سلامتی کی ضامن ، پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے :مقررین

کوئٹہ (اے پی پی)پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے قلعہ عبداللہ،جامشورو، عارفوالا، حویلیاں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے ریلیاں نکالیں،شرکا نے افغان جارحیت کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداﷲ میں ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی اور ایس پی اطہر رشیدکی زیر قیادت پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی میں افسر وں ، سول سوسائٹی کے نمائند وں ، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔مقررین نے خطاب میں کہا کہ افغانستان کی جارحیت شدید قابل مذمت ہے ، پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور آئندہ بھی ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

پختونخوا میں ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں سول سوسائٹی اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے اظہار تشکر ریلی نکالی ،شرکا نے قومی پرچم اور مختلف تحریروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ،انہوں نے مختلف شاہراہوں پر مارچ کیا اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔مقررین نے خوارج اور افغان طالبان کے خلاف کامیاب غضب للحق آپریشن کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔سندھ کے ضلع جامشور و میں جامعہ سندھ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ ود یگر کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی ،شرکا نے بینرز اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ نے کہا کہ سرحد پار سے حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،افغان حکومت دہشت گردی روکنے کے لیے کردار ادا کرے اور کشیدگی کو مزید ہوا نہ دے ۔بعد ازاں مظاہرے میں شریک اساتذہ، افسران و ملازمین پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔ عارف والا میں سول سوسائٹی کے زیراہتمام میونسپل کمیٹی سے جناح چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی میاں اطہر فاروق، شیخ عمران و دیگر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی طرف اٹھنے والی ہرمیلی آنکھ نوچ ڈالیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں