جسٹس (ر)قاضی فائز عیسیٰ فتویٰ کیس، 2 مجرموں کو 68 سال قید
کالعدم تنظیم کے رہنما مولانا طاہر سیفی کو 32سال قید،7لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا ریاض نے قتل پر 20کلو دیسی گھی انعام رکھا،36سال قید اور جرمانے کی سزا
لاہور (اے پی پی )لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے چیف جسٹس(ر) قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف فتویٰ جاری کرنے اور قتل پر اکسانے کے درج مقد مات میں نامزد دو مجرموں کو مجموعی طور پر 68سال قید،ساڑھے 13لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ،انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج شاہد سکندر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے رہنما مولانا طاہر سیفی کو مختلف دفعات کے تحت32 سال قید اور7 لاکھ روپے جرمانہ ، شریک مجرم ریاض کو36 سال قید اور ساڑھے 6 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مختلف قانونی دفعات کے تحت دی گئی سزائیں بیک وقت شروع ہوں گی،جس کے باعث مجموعی سزا کا دورانیہ قانونی طریقہ کار کے مطابق تقریباً10 سال میں مکمل ہو سکے گا، مولانا طاہر سیفی کے خلاف مقدمہ تھانہ اے ڈویژن شیخوپورہ میں درج کیا گیا،جس میں الزام تھا کہ انہوں نے سابق چیف جسٹس کے خلاف فتویٰ جاری کیا، ریاض کے خلاف مقدمہ تھانہ چھانگا مانگا ضلع قصور میں درج ہوا،جس میں اس پر مذکورہ شخصیت کے قتل پر عوام کو اکسانے کا الزام ثابت ہوا۔پراسیکیوشن کے مطابق ریاض نے قتل پر اکسا تے ہوئے 20 کلو دیسی گھی بطور انعام دینے کا اعلان بھی کیا تھا،جو ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا۔