عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کیلئے درخواست دائر

عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کیلئے درخواست دائر

بینائی 15فیصدتک محدود،ذاتی معالجین کو رسائی،اہل خانہ کی ملاقات کی استدعا علیمہ خان عدالت سے غیرحاضر ،26نومبر کیس کی سماعت 4مارچ تک ملتوی

اسلام آباد،راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے ،خبرنگار)اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج معالجہ کی غرض سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ۔درخواست بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 73 برس ہے اور وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں ،گزشتہ چار سے پانچ ماہ کے دوران ملاقاتوں پر پابندی کے باعث وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے نہیں مل سکے ،ان کی بیماری سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان یک آنکھ کی بینائی 15 فیصد تک محدود ہوگئی ہے ،سپریم کورٹ نے معاملہ زیر التوا رکھتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ۔ اس بنیاد پر عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے تا کہ ان کا معائنہ ریٹینا سپیشلسٹ سے کرایا جا سکے ،دوران علاج ان کے ذاتی معالجین کو بھی رسائی دی جائے جبکہ اہل خانہ کو مکمل ملاقات کی اجازت فراہم کی جائے ۔انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت چار مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ علیمہ خان عدالت پیش نہ ہوئیں ،ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے جج امجدعلی شاہ نے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں