پنجاب حکومت کا عیدالفطر پر پیشگی تنخواہ، پنشن دینے کا اعلان
سرکاری ملازمین کو مارچ کی تنخواہ ، پنشنرز کو ادائیگی 16 مارچ کو ہوگی:اعلامیہ
لاہور (آن لائن)حکومت پنجاب نے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مالی سہولت فراہم کرنے کیلئے مارچ کی تنخواہ اور پنشن پیشگی جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت کے تمام سرکاری ملازمین کو مارچ کی تنخواہ جبکہ پنشنرز کو ماہانہ پنشن 16 مارچ کو ادا کی جائے گی تاکہ وہ عیدالفطر کی تیاریوں کے سلسلے میں بروقت مالی وسائل میسر آنے سے بہتر انداز میں انتظامات کر سکیں،محکمہ خزانہ پنجاب نے متعلقہ محکموں اور ضلعی دفاتر کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ادائیگی کے عمل کو مقررہ تاریخ تک یقینی بنایا جائے ، اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے ۔صوبائی حکومت کے اس فیصلے کو سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے ۔