ایران کے شانہ بشانہ ہیں :فضل الرحمن ،ایرانی سفیرسے ملاقات

ایران کے شانہ بشانہ ہیں :فضل الرحمن ،ایرانی سفیرسے ملاقات

سربراہ جے یو آئی کی ایرانی سفارتخانے آمد ، تعزیتی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے انسانی قاتل ،مجرم کی سربراہی میں قیام امن کی کوششیں امن کے نام پر دھبہ :گفتگو

اسلام آباد ( اپنے رپورٹر سے )جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایرانی سفارتخانے میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،مولانافضل الرحمن نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے ،مولانا فضل الرحمن نے ایران پر امریکی صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ صیہو نیت اور یورپ گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا،اب بھی وہاں شدید تناؤ اور لمبی جنگ سے گزررہے ہیں ۔حماس کی مضبوط حمایت پر ایران کے خلاف جنگ کی دوسری قسط شروع کی گئی ، بیہودہ قسم کے الزامات لگاکر ان حملوں کا جواز پیش کررہے ہیں،ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کررہا ہے ۔عالم اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے ،مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں۔ امت مسلمہ باہم دست وگریباں ہونے کے بجائے صیہونیت کا مقابلہ کرے ،امریکہ انسانیت کا دشمن ،انسانی قاتل اور مجرم کی سربراہی میں قیام امن کی کوششیں امن کے نام پر دھبہ ہے ۔ ہمارے حکمرانوں کی ٹرمپ جیسے قاتل سے امن کی امید رکھنا سوالیہ نشان ہے ۔ ایرانی سفیر نے کہاکہ پاک ایران تعلقات پر مولانا فضل الر حمن کے کردار کو سراہتے ہیں،فتح عالم اسلام کی ہوگی، مولانا کی آمد ہمارے لئے اطمینان کا باعث ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں