چینی گروپ کا پنجاب کے ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری کاعندیہ
ٹو، تھری اور فور وہیلر الیکٹرک گاڑیوں کا اسیمبلنگ پلانٹ لگاناچاہتے :مسٹر لو جنہائے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ای وی سیکٹر کا فروغ اہم :چودھری شافع کی بریفنگ
لاہور (خبر نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے چین کے سرمایہ کار گروپ ایرو سپیس کے 17 رکنی وفد نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مسٹر لو جنہائے کر رہے تھے ، جو ایرو سپیس ڈویلپمنٹ انڈسٹری انویسٹمنٹ گروپ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین ہیں۔چینی سرمایہ کار گروپ نے پنجاب کے الیکٹرک وہیکلز (ای وی) سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔ وفد کے سربراہ مسٹر لو جنہائے نے کہا کہ ان کا گروپ پنجاب میں ٹو، تھری اور فور وہیلر الیکٹرک گاڑیوں کا اسیمبلنگ پلانٹ لگانے کا خواہاں ہے ۔ اس کے علاوہ ای وی چارجنگ سٹیشنز کی مینوفیکچرنگ اور ان کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے ۔ الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں رمایہ کاری کر کے پنجاب کو الیکٹرک گاڑیوں کا حب بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں پنجاب حکومت سے جلد معاہدہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے وفد کو سپیشل اکنامک زونز میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ای وی سیکٹر کا فروغ نہایت اہم ہے ۔ مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے ۔ صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ای ٹیکسی سکیم شروع کی جا چکی ہے جبکہ 7 سے 8 اسیمبلنگ پلانٹس پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔ ای وی سیکٹر، خصوصاً چارجنگ اسٹیشنز میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین وقت ہے اور حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔