آئی اے ای اے نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ5کیلئے معاہدے کی منظوری دیدی
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا متفقہ فیصلہ، یہ عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کی عکاسی ہے :دفتر خارجہ پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 1,200 میگاواٹ، ری ایکٹر 2030 تک فعال ، قومی گرڈ کو کم کاربن بجلی کا ذریعہ فراہم ہو جائیگا
اسلام آباد (نمائندہ دنیا،اے پی پی) پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل کے طور پر انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ 5 (سی-5) پر حفاظتی اقدامات کے اطلاق کے لیے آئی اے ای اے اور پاکستان کے مابین طے پانے والے حفاظتی معاہدے کی منظوری دے دی،دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یہ اہم پیش رفت عالمی برادری کے پاکستان کی جانب سے جوہری توانائی کے پرامن استعمال،عالمی عدم پھیلاؤ اور حفاظتی ذمہ داریوں کی پاسداری کے عزم پر مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ۔چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی-5 کی مجموعی پیداواری صلاحیت 1,200 میگاواٹ ہوگی، یہ ری ایکٹر سال 2030 تک فعال ہونے کی توقع ہے ، تکمیل کے بعد یہ یونٹ پاکستان کے قومی گرڈ کو کم کاربن بجلی کا نمایاں ذریعہ فراہم کرے گا جو توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی اہداف اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں معاون ثابت ہوگا،اس وقت پاکستان چھ جوہری بجلی گھروں کو چلا رہا ہے جن کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت 3,530 میگاواٹ ہے ۔