ٹرمپ صہیونی شیطان کے کہنے پر بر بادی کر رہا :سعد رفیق
امریکی عوام سے کوئی گلہ نہیں ،ایران پر حملے کا مقصد ایٹمی قوت کا خاتمہ نہیں شکر ہے پاکستان میں امریکی اڈے نہیں ،ایرانیوں کیلئے اللہ کی مدد ضرور آئیگی
لاہور (سپیشل رپورٹر)سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کا حملہ ایران کی ایٹمی قوت ختم کرنا نہیں بلکہ ایسا ہی ہے جیسے عراق پر حملہ کیا گیا تھا،ان کا صرف ایک مقصد ہے دنیا کو غیر مستحکم کرنا ،ہمیں امریکی عوام سے کوئی گلہ نہیں امریکی کے عوام نے تو فلسطین اور ایران پر حملے کے خلاف احتجاج کیا ہے ۔ امریکا اور اسرائیلی کی جارحیت کے خلاف اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای و دیگر شہدا کے ایصال ثواب کیلئے خواجہ رفیق شہید فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام والٹن روڈ پر احتجاجی جلسہ اور دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ امریکا کا صدر بننے کا اہل نہیں تھا یہ صہیونی شیطان کے کہنے پر دنیا میں بر بادی کر رہا ہے ،غزہ سے شروع ہونے والی جنگ اب دنیا میں پھیل گئی ہے، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ایرانیوں کے لئے مدد آئے گی ، سعد رفیق نے کہا کہ جس ملک نے بھی امریکا کو اڈے دئیے آج ان کا حال دیکھیں امریکہ ان کو حفاظت نہیں کرے گا ،شکر ہے پاکستان میں امریکا کے اڈے نہیں ہیں ۔