جعلی اسناد پر نارتھ سائپرس جانے کی کوشش کرنے والا مسافر آف لوڈ
کراچی (آن لائن ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )نے جعلی تعلیمی اسناد پر نارتھ سائپرس جانے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو روک کر آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق چکوال سے تعلق رکھنے والا مسافر محمد عاصم اسٹوڈنٹ ویزے کے ذریعے نارتھ سائپرس جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران کاؤنٹر آفیسر نے مسافر کو مزید جانچ پڑتال کے لیے جی آر او کے حوالے کیا۔اس دوران مسافر کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات پر موجود وزارت خارجہ کے مبینہ تصدیقی لیبل کا کیو آر کوڈ ایک مشکوک غیر سرکاری ویب سائٹ پر ری ڈائریکٹ ہوتا پایا گیا، جس سے یہ شبہ پیدا ہوا کہ تصدیق جعلی ہے ۔مزید تفتیش کے دوران مسافر نے انکشاف کیا کہ یہ تعلیمی اسناد اسلام آباد کے ڈی ایچ اے فیز 2 میں واقع اے ٹی آر اے سی کنسلٹنٹ کے ذریعے حاصل کی گئی تھیں اور اس کے لیے آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے 13 لاکھ روپے ادا کیے گئے ۔ مذکورہ حقائق کی روشنی میں مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔