ای سی سی نے بجلی شعبہ کیلئے اصلاحاتی پیکیج کی منظوری دیدی

ای سی سی نے بجلی شعبہ کیلئے اصلاحاتی پیکیج کی منظوری دیدی

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے اضافی 40 لاکھ ڈالر فنڈز کی منظوری دی گئی وزیرِ خزانہ کی زیرِ صدارت اجلاس، کئی وزارتوں کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس بھی منظور

اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے وزارتِ توانائی کی جانب سے بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی، ادائیگیوں کی ذمہ داریوں اور گردشی قرض کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے جامع اصلاحاتی پیکیج کی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے متعدد وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں گیس پیدا کرنے والے علاقوں کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں دیہات کو گیس کی فراہمی کے لیے 3 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ این ڈی ایم اے کو 3 ارب 63 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی، جو مون سون 2025 کے آپریشن اور امدادی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوں گے ۔عالمی توانائی فورم کی رکنیت کے لیے 1 کروڑ 31 لاکھ روپے ، گیس پیداوار والے علاقوں کے قریب دیہات کے لیے 3 ارب روپے کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ۔ بنیادی ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کے واجبات کے لیے 20 کروڑ روپے ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے اضافی 40 لاکھ ڈالر فنڈز کی منظوری دی گئی۔ پائیدار ترقی پروگرام کے بجلی منصوبوں کے لیے 1 ارب 30 کروڑ روپے منظور کیے گئے جبکہ سرکاری آگاہی مہم کے بقایا جات کے لیے 1 ارب 47 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں