سائبر حملے :آئی بی سی سی نے اسناد کی تصدیق روک دی
میٹرک و انٹر اسناد کی تصدیق نہ ہونے سے ہزاروں طلبہ کو مشکلات کا سامنا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )سائبر حملوں کے خدشہ کے باعث انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن(آئی بی سی سی)نے ملک بھر میں میٹرک اور انٹر کی اسناد کی تصدیق روک دی۔ذرائع کے مطابق اے اور او لیول کی اسناد کی ایکویلنس اور ویری فکیشن سمیت دیگر آن لائن تصدیق کا کام بھی بند کردیا گیا ہے ، ویری فکیشن اور ایکویویلنس کا کام سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سی ای آر ٹی) کی ایڈوائزری پر بند کیا گیا ہے ۔لاہور ،کراچی ، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک کے طول و ارض سے میٹرک و انٹر کی اسناد اور اے اور او لیول کی تصدیق نہ ہونے سے ہزاروں طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے ، بیرون ملک سے بھی ویری فکیشن اور ایکویلنس کا کام رکا ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صرف پہلے سے رجسٹرڈ افراد ہی پورٹل پر اپنے کیسز دیکھ سکیں گے ۔سی ای آرٹی ایڈوائزری گزشتہ ہفتے مختلف ٹی وی چینلز اور حکومتی اداروں کی ویب سائٹ پر سائبر حملوں کے تناظر میں جاری کی گئی ہے ۔دریں اثنا ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح کا کہنا ہے کہ آئی بی سی سی پورٹل پاکستان کے صارفین کیلئے بحال کررہے ہیں تاہم بیرون ملک فی الحال "ریڈ اونلی موڈ" پر ہی رہے گا۔