پڈعیدن کے قریب ریلوے لائن پردھماکا، 5فٹ ٹریک تباہ
پڈعیدن(نمائندہ دنیا)پڈعیدن ریلوے تھانے کی حدود 443/2 ٹنڈومستی ریلوے اسٹیشن کے قریب ڈاؤن ٹریک پر زوردار دھماکے سے ٹریک کا تقریباً پانچ فٹ کا ٹکڑا ٹوٹ گیا۔
جس سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، دھماکے کے وقت متاثرہ ٹریک سے لاہور سے کراچی جانے والی مال بردار ٹرین گزر رہی تھی، جو کہ معجزانہ طور پر گرنے سے محفوظ رہی، دھماکے کے بعد ڈاؤن ریلوے ٹریک پر ٹرنیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی، کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کو گمبٹ اور دوسری ٹرینوں کو دیگر اسٹیشنوں پر روک لیا گیا، حادثے کی اطلاع پر ایس ایچ او پڈعیدن حسیب سہیل بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے ، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ، اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں، جبکہ روہڑی سے کرین سمیت مشینری اور امدادی ٹیم طلب کرلی گئی ہے ۔