مالی بحران:جنرل ہسپتال میں ایکسرے و سی ٹی سکین فلمیں ختم
عدم ادائیگی پر ٹھیکیدار نے فلمیں فراہم کرنا بند کر دیں ،مریضوں کو شدید مشکلات متعدد مریض مایوس ہو کر واپس لوٹ رہے ، مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں :ایم ایس
لاہور(سجاد کاظمی سے )لاہور جنرل ہسپتال میں مالی بحران، ایکسرے و سی ٹی سکین فلمیں ختم، مریض مشکلات کا شکار۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے جنرل ہسپتال میں مالی مشکلات شدت اختیار کر گئی ہیں جس کے باعث تشخیصی سہولیات متاثر ہونے لگیں۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کی عدم ادائیگی پر متعلقہ ٹھیکیدار نے ہسپتال کو ایکسرے ، سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی فلمیں فراہم کرنا بند کر دیں جس کے باعث گزشتہ تین روز سے ہسپتال میں فلموں کی شدید قلت پیدا ہو گئی تاہم مریضوں سے ایکسرے فلموں کے چارجز باقاعدگی سے وصول کئے جا رہے ہیں لیکن سپلائر کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث فراہمی معطل ہوچکی۔ فلمیں نہ ہونے کے باعث جنرل ہسپتال کے مختلف وارڈز اور آؤٹ ڈور میں آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، حادثات کے شکار ایمرجنسی مریضوں کیلئے بھی ایکسرے اور سی ٹی سکین کروانا مشکل ہو گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کروانے کیلئے آنے والے متعدد مریض مایوس ہو کر واپس لوٹ رہے ہیں جبکہ ایمرجنسی وارڈ میں فلم نہ ہونے کے باعث عارضی طور پر موبائل فون کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ، مریض ایکسرے کی تصاویر موبائل فون سے کھینچ کر ڈاکٹروں کو دکھانے پر مجبور ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ موبائل فون پر ایکسرے کی تصویر دیکھ کر تشخیص کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے ، خاص طور پر ہڈیوں کے باریک فریکچر کی درست تشخیص متاثر ہو سکتی ہے اورعلاج میں بھی کوتاہی کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے ۔دوسری جانب میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا ہے کہ فلموں کی کمی عالمی حالات کے باعث پیدا ہونے والے بحران کا نتیجہ ہے ، ایران کی جنگ کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی ، مسئلہ جلد حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔