پرویزالٰہی سے ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں کی ملاقات
لاہور(سیاسی نمائندہ،سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں نومنتخب صدر لاہور ہائیکورٹ بار بابر مرتضیٰ، سیکرٹری قاسم اعجاز سمرا، نائب صدر سہیل قیصر تارڑ اور فنانس سیکرٹری علی رضا کھوکھر شریک تھے جبکہ ممبر پاکستان بار کونسل عامر سعید راں ایڈووکیٹ، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار رانا انتظار حسین، سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی، سینئر وکلا حسین بوسال ، میاں عرفان، وقار احمد گل ، غلام مرتضیٰ ڈھلوں ، سلیم محسن بھٹہ ، میاں مظہر حسین بھی موجود تھے ۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں نے بار الیکشن میں بھرپور سپورٹ پر چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ پرویزالٰہی نے کامیابی پر تمام ارکان کو دلی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ تمام وکلا رہنما پاکستان کی سلامتی کیلئے اکٹھے مل کر چلیں اور دل و جان سے کام کریں۔