FBRسے 2828کارٹن سگریٹ چوری کی وضاحت طلب

FBRسے 2828کارٹن سگریٹ چوری کی وضاحت طلب

گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ، 10 افسر معطل کیے ،حکام ایف بی آر قائمہ کمیٹی داخلہ نے 2012سے ایف بی آر کے تمام گوداموں کا ریکارڈ مانگ لیا

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کی ذیلی کمیٹی نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں صوابی اور مردان میں واقع ایف بی آر کے گوداموں سے سگریٹ کے 2828 کارٹنوں کی مبینہ چوری کے معاملے کا جائزہ لیا۔ اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا ۔ کمیٹی نے ذمہ داران کا تعین کرنے اور چوری شدہ مال کی برآمدگی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں سے وضاحت طلب کر لی ۔ کمیٹی کے کنوینر نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی غیر حاضری پر تشویش کا اظہار کیا ۔ایف بی آر کے ممبر نے بتایا کہ یہ معاملہ ابتدائی طور پر چوری کے طور پر رپورٹ کیا گیا تھا اور ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی تاہم بعد میں پولیس نے اسے خورد برد کا معاملہ قرار دے کر مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کو منتقل کر دیا۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کمیٹی کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کیا جائے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ 14 جنوری 2026 سے ایف بی آر کے تمام گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں ، تادیبی کارروائی کے تحت بی ایس-16 اور بی ایس-17 کے 10 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے ۔کمیٹی نے 2012 سے ایف بی آر کے تمام گوداموں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ کنوینر نے ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز کو ہدایت کی کہ وہ سمگلنگ کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں