پختونخوا، 2 دھماکے، 2 اہلکاروں سمیت 4 شہید، 26 زخمی
2اہلکار وزیرستان دھماکے میں شہید، 18زخمیوں میں 4اہلکار، بچے بھی شامل لکی مروت میں صدر امن کمیٹی کے بھائی کی دکان کو نشانہ بنایا گیا،2شہید،8زخمی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دھماکوں میں 2پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید، 26 زخمی ہوگئے ۔ ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا رستم بازار میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا، بارود سپر مارکیٹ میں گیٹ کے قریب نصب تھا۔ دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 اہلکاروں سمیت 18افراد زخمی ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں ،ڈسٹرکٹ ہسپتال وانا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔دریں اثنا لکی مروت میں پولیس امن کمیٹی کے صدر خالد خان کے بھائی کی بیٹری شاپ میں دھماکے سے 2 افراد شعیب خان اور فرقان خان شہید ہوگئے جبکہ 8افراد زخمی ہوئے ، پولیس دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے تفتیش کر رہی ہے ، پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں آئی ای ڈی یا کواڈ کاپٹر کے ذریعے دھماکے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے ۔