نو عمری میں جارحانہ رویہ جلد بڑھاپے کی وجہ بن سکتا
لاہور(نیٹ نیوز)حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ نو عمری میں جارحانہ رویہ 30 سال کی عمر تک جلد بڑھاپے سے براہِ راست منسلک ہے ۔نئی تحقیق کے مطابق نو عمری میں جارحانہ رویہ رکھنے والے افراد میں 30 سال کی عمر تک حیاتیاتی عمر تیزی سے بڑھنے کے آثار پائے گئے ہیں۔
سائنسی جریدے ہیلتھ سائیکالوجی میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق غصے والے نوجوانوں میں 30 سال کی عمر تک وزن بڑھنے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔تحقیق کے لیے ماہرین نے امریکا کے شہری اور مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مڈل اسکول کے 121 طلبہ کا جائزہ لیا۔جب یہ طلبہ 30 سال کی عمر کو پہنچے تو محققین نے خون کے ٹیسٹ کے ذریعے ان کی حیاتیاتی عمر کا تجزیہ کیا، اس عمل سے خلیوں اور بافتوں کے انحطاطی بڑھاپے کی نشاندہی ہوتی ہے جو بعض اوقات کسی فرد کی حقیقی عمر سے زیادہ ہو سکتی ہے ۔