اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست کی 10 مارچ کو سماعت
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے
لاہور (این این آئی)لاہور ہائیکورٹ میں رمضان المبارک کے د وران کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست 10مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق مقامی شہری منیر احمد کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کریں گے ، عدالت کی جانب سے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عمران خان عدالت کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے ۔درخواست گزار شہری منیر احمد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے آغاز سے قبل اور دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا جاتا ہے ،انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں من مانے ریٹ وصول کئے جاتے ہیں ۔ عدالت حکومت کو اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دے ۔