بلوچ عوام کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی ، ریلیاں ،نعرے
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے سینکڑوں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔
جھل مگسی ،قمردین کاریز، کوہلو اور چمن میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ریلی کے شرکا نے افغان طالبان کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور ملکی سلامتی کیلئے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔چمن اور کوہلو پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعروں سے گونجتے رہے ۔ ریلی شرکا کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی جارحیت کا افواج پاکستان نے منہ توڑ اور بھرپور انداز میں جواب دیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پوری قوم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔