جی ایچ کیو حملہ کیس، 47 اشتہاری ملزموں کو 10،10 سال قید

جی ایچ کیو حملہ کیس، 47 اشتہاری ملزموں کو 10،10 سال قید

مرادسعید،شہبازگل ، زلفی ،عمرایوب ،شبلی فراز اوردیگر سزا پانے والوں میں شامل

راولپنڈی(خبر نگار)انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزموں کو 10، 10سال قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ۔ عدالت نے سزا پانے والے ملزموں کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ۔ سزا پانے والے ملزموں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، شیخ راشد شفیق، شہباز گل، زلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی سمیت دیگر شامل ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزم 9مئی کے پرتشدد واقعات کی منصوبہ بندی میں ملوث پائے گئے ۔

ملزم جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم اور سکستھ روڈ میٹرو سٹیشن پر حملوں میں ملوث رہے ، ملزموں پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات ثابت ہوئے۔ فیصلے کے مطابق مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت مجموعی طور پر 118 ملزموں پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ اب تک استغاثہ کے 44 گواہوں کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔عدالت نے بتایا کہ 118 ملزموں میں سے 18 ملزم دورانِ ٹرائل مسلسل غیر حاضر رہے جبکہ 29 ملزم مقدمہ درج ہونے کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے ۔فیصلے کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کی سیکشن 21 ایل کے تحت 47 اشتہاری ملزموں کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا۔

پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو اشتہاری ملزموں کے خلاف کارروائی کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے انکوائری کا حکم دیا۔عدالتی انکوائری میں 47 ملزموں کو مفرور قرار دیا گیا جس کے بعد 8 جنوری کو اشتہار جاری کیا گیا اور ملزموں کو سات دن کے اندر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا موقع دیا گیا تاہم کوئی بھی ملزم عدالت میں پیش نہ ہوا۔عدالت نے اشتہاری ملزموں کے لئے سٹیٹ کونسل مقرر کر کے چارج فریم کیا جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے اور سٹیٹ کونسل نے گواہوں پر جرح بھی کی۔ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے 47 اشتہاری ملزموں کو10،10سال قید،5، 5 لاکھ روپے جرمانہ اور جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنائی ۔واضح رہے کہ نو مئی جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں