کوشش کر رہے تیل قیمتوں کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے : عطاء تارڑ
پاکستان امن پسند ملک ، جنگیں باہمی تنازعات کا حل نہیں ہوتیں :وفاقی وزیراطلاعات خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی سطح پر کردار ادا کر رہے :تقریب سے خطاب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانی پڑیں، تاہم کوشش کر رہے ہیں اس کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے ، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ مرحوم کی چوتھی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑ،بلال فاروق تارڑ، مجیب الرحمن شامی، لیگی رہنما ملک شہباز کھوکھر، میاں فاروق، اختر حسین قریشی، سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل، پروفیسر عابد شیروانی، سیف اللہ ، نسیم اللہ گردیزی سمیت دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے پیچھے ایک نظریہ تھا جس کی وجہ سے ہی آج ہم ایک آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں، ان شا اللہ پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں دنیا ہماری طاقت کا اندازہ کرچکی کہ کس طرح ہماری فوج نے اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبائے ، دشمن اب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ، جنگیں باہمی تنازعات کا حل نہیں ہوتیں ،خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سعودی عرب، آذربائیجان، ترکیہ سمیت دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، کشیدگی کے خاتمہ کے لیے پاکستان سفارتی سطح پر اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق صدر مملکت محمد رفیق تارڑ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں محمد رفیق تارڑ مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔